گجرات —آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ نے گجرات میں متعدد تھانوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے پولیس کارکردگی، سہولیات اور تفتیش کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانہ صدر جلالپور جٹاں اور تھانہ سٹی جلالپور جٹاں میں مال خانہ، ریکارڈ روم، حوالات، شہری سہولت مراکز اور مقدمات کے ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی اور پولیس افسران سے بریفنگ حاصل کی۔
آر پی او نے تھانہ ٹانڈہ اور تھانہ کڑیانوالہ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس نفری کی حاضری، مقدمات میں پیشرفت، عوامی سہولیات اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غفلت، رشوت اور عوامی شکایات کے حل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں آر پی او گوجرانوالہ نے تھانہ سول لائن کا بھی دورہ کیا اور ریکارڈ، کارکردگی اور شہری سہولت مراکز کا معائنہ کیا۔
طیب حفیظ چیمہ نے پولیس لائن گجرات کا بھی تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے لائن ہیڈکوارٹر، ڈیوٹی میکنزم، اسلحہ خانہ اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پولیس کے بہادر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔”
آر پی او کے ان دوروں کا مقصد تھانوں کی بہتری، عوامی سہولیات میں اضافہ اور پولیس کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا تھا