گجرات (نامہ نگار) — ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے عوامی مسائل کے فوری حل اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ شہریوں نے ڈی سی آفس میں اپنے ریونیو سمیت دیگر معاملات سے متعلق شکایات پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر صفدر ورک نے کہا کہ عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری دفاتر کے دروازے شہریوں کے لیے کھلے ہیں اور ہر فرد براہ راست اپنی شکایات درج کروا سکتا ہے۔ ریونیو معاملات میں شفافیت لانے کے لیے زمینوں کے انتقال، فرد کے اجرا، رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ امور میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس دوران ڈپٹی کمشنر نے پبلک اوقات کار میں متعدد سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شکایات کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے بھرپور کردار ادا کریں۔