گجرات (نامہ نگار) — جامعہ گجرات کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے زیر اہتمام حافظ حیات کیمپس میں ایک روزہ عملی تربیتی ورکشاپ "ریفرینس مینجمنٹ ٹولز” کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد طلبہ میں تحقیقی طریقہ کار کے شعور اور آگاہی کو فروغ دیتے ہوئے ان کی علمی صلاحیتوں میں اضافہ اور تحقیقی سرگرمیوں کو مؤثر بنانا تھا۔

تقریباً 75 ریسرچ اسکالرز، جو سائنس اور انجینئرنگ کے مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اس ورکشاپ میں شریک ہوئے۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے سینئر فیکلٹی ممبر جناب حسنین رضا تھے، جبکہ ان کی معاونت ڈاکٹر حماد اسماعیل نے کی۔

حسنین رضا نے شرکاء کو موجودہ دور کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے تحقیقی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور تحقیقی نتائج کو معتبر بنانے کے لیے ریفرینس مینجمنٹ ٹولز کے استعمال پر عملی تربیت فراہم کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری اور محتاط سائنسی تحقیق نہ صرف علم میں اضافے کا ذریعہ ہے بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکاء میں اسناد کامیابی تقسیم کی گئیں اور ان کی علمی کاوشوں کو سراہا گیا۔