گجرات (رپورٹ: عثمان طیب)سابق مشیر وزیرِاعظم پاکستان نواب زادہ غضنفر علی اور سابق ایم پی اے نواب زادہ مظفر علی خان کے بھائی، گجرات کی روایتی سیاست کے معتبر رہنما اور مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے نواب زادہ مظہر علی خان حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
نواب زادہ مظہر علی خان کو شرافت، بردباری اور اعلیٰ سیاسی روایات کے باعث گجرات کی سیاست میں خصوصی مقام حاصل تھا۔ وہ متعدد بار ایم پی اے اور ایم این اے منتخب ہوئے جبکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کے مشیر خاص کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔
مرحوم نے اپنی سیاسی زندگی میں وضع داری، شائستگی اور مثبت طرزِ سیاست کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین پر بھی تہذیب کے دائرے میں رہ کر تنقید کی اور گجرات کی سیاست میں رواداری کی مثال قائم کی۔ بندوق اور جبر کی سیاست سے ہمیشہ دور رہے اور ’’بندوق کلچر‘‘ کے خلاف مستقل آواز بلند کرتے رہے۔ نواب زادہ خاندان کی سیاسی جدوجہد بھی اسی روایت کی ترجمان رہی ہے۔
ان کے انتقال سے گجرات کی سیاست میں شرافت اور برداشت کا ایک سنہری باب بند ہو گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔