گجرات (نامہ نگار) — تھانہ بی ڈویژن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گینگ ریپ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق محلہ فتو پورہ کی رہائشی ایک شادی شدہ خاتون نے تھانہ بی ڈویژن میں درخواست جمع کرائی کہ یکم اپریل 2025 کو گھریلو سامان کی خریداری کے بعد واپسی پر چلڈرن پارک کے عقب میں دو نامعلوم ملزمان نے اسے زبردستی موٹرسائیکل پر اغوا کیا اور ایک نامعلوم ڈیرے پر لے جا کر اس سے زیادتی کی۔ بعدازاں تین مزید ملزمان کو بھی بلا لیا گیا، جنہوں نے بھی اجتماعی زیادتی کا ارتکاب کیا۔ متاثرہ خاتون کا موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات ڈاکٹر مستنصر عطا باجوہ کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی سرکل سید عامر عباس شیرازی کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن سب انسپکٹر سید آفتاب بخاری اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے انتھک محنت، انٹیلیجنس معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چند دنوں میں پانچوں ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں حسن مجتبیٰ، سفیر حسین، کلیم عباس، مشاہد رضا اور آفاق حیدر شامل ہیں، جو مدینہ سیداں کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے عدالت میں پیش کر دیا ہے، جس کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔

ڈی پی او گجرات نے پولیس ٹیم کی فوری اور مؤثر کارروائی پر انہیں سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔